ہرارے(این این آئی)زمبابوے اور متحدہ عرب امارات کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چار ون ڈے انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا چوتھا اور آخری میچ (آج)منگل کو ہرارے میں کھیلا جائیگا۔ زمبابوے کی ٹیم کو یو اے ای کے خلاف چار میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔شیڈول کے مطابق زمبابوے اور یو اے ای کے درمیان چار میچوں کی سیریز کا چوتھا اور آخری میچ 16 اپریل کو کھیلا جائے گا۔ یاد رہے کہ زمبابوے کی ٹیم نے پہلے میچ میں مہمان ٹیم کو 7 وکٹوں سے
شکست دی، دوسرے میچ میں زمبابوے کی ٹیم نے یو اے ای کو 4 رنز سے ہرایا جبکہ تیسرے میچ میں میزبان ٹیم نے یو اے ای کو 131 رنز سے شکست دیکر چار میچوں کی سیریز میں 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے۔زمبابوے نے ابتدائی طور پر افغانستان کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کی میزبانی کرنی تھی تاہم میچز کی نشریات کے حوالے سے اختلافات کی وجہ سے سیریز کو منسوخ کر دیا گیا تھا جس کے بعد زمبابوین بورڈ نے یو اے ای کے خلاف سیریز طے کر لی تھی۔