کراچی (این این آئی)پاکستان میں شادیوں کے دوران بھاری جہیز ایک بہت بڑا مسئلہ ہے جس سے کئی لڑکے اور لڑکیاں متاثر ہوتی ہیں۔جہیز جیسے بھوج کے باعث متعدد غریب گھرانوں کی بچیاں طویل عذاب سے گذرتی ہیں اور جہیز کی وجہ سے جھگڑے بھی سامنے آتے رہتے ہیں۔گذشتہ برس ریلیز ہونے والی فلم ’لوڈ ویڈنگ‘ میں بھی شادیوں کے دوران بھاری جہیز جیسے مسائل کو اجاگر کیا گیا تھا۔
اور دکھایا گیا تھا کہ کس طرح جہیز کے بوجھ کی وجہ سے غریب گھرانوں کی بچیاں شادی سے محروم رہ جاتی ہیں یا انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اور اب شادیوں میں بھاری جہیز جیسے مسائل کو ختم کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی خاتون رکن اسمبلی کی جانب سے قرارداد جمع کرائی گئی ہے جس پر’ لوڈ ویڈنگ‘ کی ٹیم خوش دکھائی دے رہی ہے اور اس قدم کو اپنی کامیابی قرار دے رہی ہے۔پنجاب اسمبلی کی رکن عظمیٰ زاہد بخاری کی جانب سے 30 مارچ کو جمع کرائی گئی قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بھاری جہیز پر پابندی عائد کرے۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر میں جہیز کی ایک سرکاری حد مقرر کی جائے اور یہ حد اتنی ہو کہ عام اور نچلے طبقے کے افراد بھی اس حد کو پورا کر سکیں۔قرار داد میں بتایا گیا ہے کہ جہیز جیسی لعنت کا اسلام میں کوئی تصور نہیں، اس لعنت سے کئی گھرانے متاثر ہو رہے ہیں۔جہیز پر پابندی کی اس قراداد کو ’لوڈ ویڈنگ‘ کی ٹیم اپنی کامیابی قرار دیتے ہوئے اس پر خوش دکھائی دے رہی ہے اور فلم کی ٹیم نے اس قدم کو بہتر قرار دیا۔