کراچی(این این آئی)رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ایل این جی کے زیادہ استعمال کے باعث فرنس آئل کی مقامی پیداوار میں2.7فیصد کی کمی دیکھی گئی جب کہ حکومت فرنس آئل کی در آمد پر پہلے ہی پابندی عائد کرچکی ہے۔ذرائع کے مطابق بجلی گھروں میں 60فیصد
پیداوار فرنس آئل سے ایل این جی پر منتقل کردی گئی ہے۔یہ عمل حکومت کی جانب سے بجلی کی پیداوار کیلئے مہنگے فرنس آئل پر انحصار کم کرنے اور ایل این جی کے استعمال کے ذریعے سستی گیس کی جانب راغب ہونے کی کڑی ہے ۔اسٹیٹ بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق توانائی کے حصول کیلئے ایل این جی اور کوئلے کی شمولیت سے پٹرولیم گروپ کا توازن تبدیل ہوگیا ہے اور ایک نیا انرجی مکس بن رہا ہے ،اس نئے انرجی مکس کے باعث مستقبل قریب میں توانائی کی قیمت میں کمی کے واضح امکانات ہیں۔ پہلی ششماہی کے دوران متبادل ایندھن کی در آمدات تیزی سے بڑھیں اور بجلی کی پیداوار کیلئے فرنس آئل کے استعمال میں14فیصد کی کمی رہی جسے در آمدی گیس اور کوئلے کی مدد سے پورا کیا گیا ،سٹیٹ بینک کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مالی سال19کی پہلی ششماہی کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی صنعت میں4.9فیصد کی کمی دیکھی گئی اور محض پٹرول کے علاوہ تمام پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں کمی رہی ہے ۔