برسلز(این این آئی)یورپی پارلیمنٹ نے یورپ میں 2021سے تبدیلی وقت کے نظام کو ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ میڈیارپورٹس میں بتایاگیاکہ مطابق موجودہ ٹائم سسٹم کے مطابق مغربی یورپ میں ہر سال معیاری وقت دو بار تبدیل ہوتا ہے۔ ایک بار مارچ کے اواخر میں جب موسم گرما کا معیاری وقت شروع ہوتا ہے اور تمام گھڑیاں ایک گھنٹہ آگے کر دی جاتی ہیں اور دوسری بار اکتوبر کے
اواخر میں جب موسم سرما کے معیاری وقت کے آغاز پر تمام گھڑیاں دوبارہ ایک گھنٹہ پیچھے کر دی جاتی ہیں۔ معیاری وقت میں تبدیلی کے نظام کا مقصد گرمیوں میں توانائی کے ذرائع کو بہتر طور پر استعمال کرنا اور سورج کی روشنی سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا تھا۔ لیکن اب یہ نظام ختم کر دیا جائے گا۔ اس کا مقصد یورپ بھر میں کوآرڈینیشن میکنزم کو بہتر بنانا بتایا گیا ہے۔