لاہور(اے این این)مقدمات سے تنگ اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف محاذ کیلئے پر تولنے لگیں،اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف تحریک کیلئے میدان میں آ گئیں، بلاول بھٹو نے چھبیس مارچ سے ٹرین مارچ کا اعلان کر دیا۔
مسلم لیگ نون نے بھی نوازشریف کی رہائی کیلئے تحریک کا آغاز کر دیا ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر ٹرین مارچ کا پرگروام بنالیا جس کے دوران جگہ جگہ خطاب بھی ہو گا۔ٹرین چھبیس مارچ کو کراچی کینٹ سے روانہ ہوگی، شرکا رات کو نواب شاہ میں قیام کریں گے، ستائیس کی صبح ٹرین دوبارہ روانہ ہو گی اور شام کو لاڑکانہ پہنچے گی۔پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے ٹیکس لگا رہے ہیں، عوام کو مشکلات سے نجات دلانے کے لئے بلاول بھٹو نے ٹرین مارچ کا فیصلہ کیا۔دوسری طرف مسلم لیگ نون بھی ایکشن میں آ گئی، نوازشریف کی رہائی کیلئے تحریک کے آغاز کا اعلان کر دیا۔ لیگی رہنمائوں کا کہنا ہے نواز شریف کو کچھ ہوا تو ذمہ دار عمران خان ہوں گے۔