راولپنڈی(آن لائن) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ممبر عنایت اللہ کیلئے 50 لاکھ روپے انعام کا اعلان کردیا ہے۔ آرمی چیف کی جانب سے بی ڈی ایس کے رکن کے لیے انسانی زندگیوں کو بچانے کے لیے بڑی قربانی کے اعتراف میں اس انعامی رقم کا اعلان کیا گیا ہے۔2015 میں تمغہ شجاعت حاصل کرنے والے عنایت اللہ ٹائیگر ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کے بی ڈی ایس یونٹ کا حصہ ہیں، انہوں نے تین سو بموں، پانچ خود کش جیکٹوں اور دھماکے سے بھری تین گاڑیوں کو ناکارہ بنا یا جس کے دوران وہ متعدد بار زخمی بھی ہوئے۔
عنایت اللہ کی 2014 میں ڈیرہ اسماعیل خان میں ایک بارودی سرنگ کو ناکارہ بنانے کے عمل کے دوران ایک ٹانگ ضائع ہوگئی جسے حال ہی میں مصنوعی ٹانگ سے تبدیل کیا گیا ہے۔عنایت اللہ مصنوعی ٹانگ لگنے سے بحال کے عمل کے بعد ایک بار پھر میدان میں آگئے جس پر حکومت نے ان کی خدمات کے اعتراف میں سب سے بڑے سول ایوارڈ سے نواز رکھا ہے۔کئی بار موت کا انتہائی قریب سے سامنا کرنے کے باوجود عنایت اللہ اپنے شعبے سے بے انتہا لگن رکھتے ہوئے ایک بار پھر انسانی زندگیاں بچانے کے عمل کا آغاز کرچکے ہیں۔