اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) قدرتی گیس کے نرخوں میں مزید41 فیصد اضافہ کیا جائے ، اوگرا نے وزارت پٹرولیم کو سمری بھجوادی ۔مذکورہ اضافہ یکم جولائی2019 سے کرنے کی تجویز بھی دیدی۔روزنامہ جنگ کے مطابق اس اضافے کی وجہ یہ بتائی گئی ہے
کہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کمپنی اور سوئی سدرن گیس پائپ لائنز کمپنی کے خسارے کو کم کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق دونوں کمپنیاں کم و بیش156 ارب روپے کا خسارہ دکھارہی ہیں۔ وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل نے گزشتہ جولائی میں گیس کی قیمتوں میں 140 فیصد تک اضافہ کیا تھا جس کے بوجھ تلے صارفین آج بھی کراہ رہے ہیں اس کے علاوہ دونوں گیس کمپنیوں کے صارفین کے بلوں کے جو نئے سلیب حکومت سے منظور کرائے ہیں اس کا سب سے بڑا سلیب پانچ ہیکٹو میٹر کیوب(CUBE) ایچ- ایم-3 ہے پانچ ایچ ایم تھری گیس صرف کرنے والے کو1470 روپے فی ایچ ایم تھری دینا پڑیں گے۔ اگر کسی نے3 ایچ ایم-3 استعمال کی ہوگی تو اسے980 روپے ایچ ایم تھری ادائیگی کرنا ہوگی اگر کسی نے ایک ایچ ایم تھری ماہانہ گیس استعمال کی ہے تو اسے 300 روپے فی ایچ ایم تھری بل دینا پڑے گا۔لیکن وزیراعظم عمران خان اوگرا کی اس تجویز سے اتفاق نہیں کرینگے کیونکہ حکومت عوام پر مزید بوجھ ڈالنا نہیں چاہتی ۔