اسلام آباد(سی پی پی) وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ امریکہ سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالہ سے کوئی باضابطہ بات نہیں ہوئی اور نہ ہی اس حوالہ سے کوئی ٹھوس پیش رفت ہوئی ہے۔انھوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو پاکستان کے حوالے کر دیا جائے اور وہ باقی ماندہ سزا یہاں پوری کریں جو کہ بحیثیت ایک پاکستانی شہری ان کا حق ہے۔
تاہم حکومت کی امریکہ سے عافیہ صدیقی کی رہائی کے حوالہ سے کوئی باضابطہ بات نہیں ہوئی۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے برطانیہ کے ساتھ ملزمان کی حوالگی کے معاہدہ پر دستخط کئے ہیں وہاں معاملہ آسان ہے۔ امریکہ کے ساتھ اس قسم کا معاہدہ موجود نہیں اس لئے اس حوالہ سے کوئی گارنٹی نہیں دی جا سکتی۔ طالبان اور امریکہ کے مذاکرات میں ہم شریک نہیں اور نہ ہی ہم نے ایسا کوئی مطالبہ کیا ہے۔ ہم صرف سہولت کاری کا کام کر رہے ہیں۔