کراچی(این این آئی) روشنیوں کے شہر میں جاری رنگا رنگ فیشن پاکستان ویک کا اختتام ہوگیا تاہم سوشل میڈیا پر فیشن ویک کے ملبوسات کے بجائے اداکارہ ہانیہ عامر اور گلوکار عاصم اظہر کے چرچے جاری رہے۔کراچی میں منعقد ہونے والا تین روزہ فیشن پاکستان ویک نامور ڈیزائنرز کے خوبصورت اور دیدہ زیب ملبوسات کے علاوہ اداکارہ ہانیہ عامر اور گلوکار و ماڈل عاصم اظہر کی خوبصورت کیمسٹری کے باعث لوگوں کی توجہ کا مرکز رہا۔فیشن پاکستان ویک میں اداکارہ ہانیہ عامر نے ڈیزائنر زینب چوٹانی کے
سرخ دلہن کے لباس میں سب کے دل جیت لیے تاہم ہال اس وقت تالیوں کے شور سے گونج اٹھا جب عاصم اظہر نے رومینٹک انداز میں انٹری دی اور ہانیہ کو والہانہ انداز میں دیکھتے ہوئے گانا گایا، اس دوران ہانیہ عامر شرماتی رہیں، جب کہ ہال میں موجود شائقین عاصم کے اس انداز سے خوب محظوظ ہوئے۔سوشل میڈیا پرجہاں فیشن پاکستان ویک میں حصہ لینے والے ڈیزائنرز کے دیدہ زیب ملبوسات اور پاکستانی اداکاروں کے چرچے جاری رہے وہیں ہانیہ عامر اورعاصم اظہر کی جوڑی کو بھی خوب پسند کیاگیا۔