واشنگٹن (آئی این پی ) بلوم برگ نے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی پرزوردیاہے کہ وہ خطے میں امن کے فروغ کیلئے اپنے پاکستانی ہم منصب کی طرف سے مذاکرات کی پیشکش کامثبت جواب دیں، نریندرمودی کو اس بات کاادراک کرناچاہیے کہ کشمیری عوام اجنبیت محسوس کرتے ہیں اور ان کی بہت سی شکایات جائزہیں،بھارتی فوج کی مقبوضہ کشمیرمیں موجودگی جابرانہ ہے، مزید خودکش حملہ آورپیداہوسکتے ہیں ، اس سے بھارت کی رہی سہی ساکھ بھی داؤ پرلگ جائے گی۔
بلوم برگ نے اپنے ایک اداریے میں کہا ہے کہ یہ خطرہ بھارت کی طاقت کی وجہ سے نہیں بلکہ اس کی کمزوری کی وجہ سے پیدا ہواہے جس سے ملک سیاسی اورفرقہ وارانہ طورپرتقسیم ہوگیاہے۔اداریے میں کہاگیاہے کہ ایسی صورتحال میں جب پاکستان نے انتہاپسند گروپوں کے خلاف کارروائی کاوعدہ کیاہے بھارت کے جنگی جنون نے پاکستان کے اعتدال پسندوں کے لئے اس بات کومشکل بنادیاہے کہ وہ سرحد پار معاہدوں یا انتہاپسند گروپوں کولگام دینے کے ثبوت دیں۔