لاہور(این این آئی) پاکستان کے معروف گلوکار عارف لوہار نے کہاہے کہ والدہ کی دعاؤں سے موجودہ مقام تک پہنچا ہوں ،میری والدہ میرے لیے دنیا کی عظیم ماں ہیں ۔انہوں نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماں دنیا کا سب سے عظیم رشتہ ہے ،میں جہاں جہاں بھی گیا ہوں وہاں میری ماں کی دعائیں میرے ساتھ شامل رہیں ۔ خدا کی ذات کے بعد اگر میری ماں کی دعاؤں کا یہ اثر ہے کہ آج میری مقبولیت پوری دنیا میں ہے ۔عارف لوہار نے کہا کہ
ہمارے خاندان میں ہمیشہ بڑوں کی عزت و احترام کیا جاتا ہے اور میں بھی بچپن سے اپنے والدین کا بڑا احترام کرتا تھا اور ایک موقع پر میرے والد نے مجھ سے کہا تھا کہ میں دنیا میں رہوں یا نہ رہوں میری دعائیں ہمیشہ تمہارا پیچھا کرتی رہیں گی ۔ آج جب میں کامیابیوں کی بلندیوں پر ہوں تو والد صاحب کی بات ذہن میں آجاتی ہے اور میری آنکھیں نم ہو جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں سب سے کہوں گا کہ اگر کسی نے جنت کمانی ہے تو اپنے والدین کی خدمت کریں اور انکی دعائیں لیں ۔