اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک ہونے کے واقعات میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے صارفین کو اکاؤنٹ کی حفاظت کرنے کا طریقہ بتا دیا۔ پی ٹی اے کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ استعمال کرنے والے صارفین ٹو اسٹیپ ویری فیکیشن کو آن کر کے اپنے اکاؤنٹ کو ہیک ہونے سے بچا سکتے ہیں۔
صارفین کو اکاؤنٹ مزید محفوظ بنانے کے لیے چار مراحل سے گزرنا ہوگا۔ پی ٹی اے نے اعلامیے میں بتایا کہ ہے کہ واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک ہونے کے متعدد واقعات سامنے آئے جس کے بعد سائبرسیکیورٹی پر نظر رکھنے والے اداروں نے الرٹ جاری کیا۔ الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ تک رسائی حاصل کرنے کے لیے ہیکر وائس میل یا کمپنی کا نمائندہ بن کر رابطہ کرسکتا ہے جسے اپنے نمبر پر آنے والا کوڈ نہ دیں۔ فیچر کو فعال کرتے ہی واٹس ایپ صارف سے چھ ہندسوں ( 6 ڈیجیٹ) کا خفیہ کوڈ اور ای میل ایڈریس مانگے گا اور یہ دونوں چیزیں داخل کرتے ہی صارف کا واٹس ایپ محفوظ ہوجائے گا۔ ٹو اسٹیپ ویری فکیشن آن کرنے کا طریقہ واٹس ایپ سیٹنگز میں جاکر اکاؤنٹس پر کلک کریں تو وہاں پر 2 اسٹیپ ویری فکیشن کا آپشن نظر آئے گا جسے اگر صارف پہلی بار آن کرے گا تو اُسے 6 ہندسوں پر مشتمل خفیہ پن کوڈ درج کرنا ہوگا۔ صارف مذکورہ نمبر کو یاد رکھے گا اور جیسے ہی دوسرے موبائل میں واٹس ایپ نمبر درج کرے گا تو حتمی مرحلے میں اسے پن کوڈ درج کرنا ہوگا۔ ٹو اسٹیپ ویری فیکیشن فیچر ایکٹیو کرنے کے بعد اگر کوئی شخص آپ کے نمبر کو استعمال کرتے ہوئے نیا اکاؤنٹ نہیں بنا سکے گا اور اگر کوئی شخص کوشش کرتا بھی ہے تو اُسے کوڈ ڈالنا ہوگا تاہم غلط کوڈ ڈالنے کی کوشش میں فوری طور پر صارف کو ای میل کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔ اسے بھی پڑھیں: واٹس ایپ محفوظ بنانے کے طریقے صارف کے موبائل میں واٹس ایپ کھولنے کی صورت میں جب تک یہ کوڈ داخل نہیں کیا جائے گا اکاؤنٹ تک رسائی حاصل نہیں کی جاسکے گی۔ انتظامیہ نے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنا خفیہ کوڈ کسی کو نہ بتائیں وگرنہ اُن کے واٹس ایپ اکاؤنٹ محفوظ نہیں رہ سکے گا، تاہم اگر کوئی صارف کوڈ تبدیل کرنا چاہے تو ای میل لاگ ان کے بعد اسے با آسانی تبدیل کیا جاسکتا ہے۔