کراچی(این این آئی) پی ٹی آئی حکومت کے اخراجات میں کمی اور سادگی کے دعوے کے باوجود بجٹ خسارہ گزشتہ سال سے 29 فیصد بڑھ گیا۔ کمی صرف ترقیاتی اخراجات میں ہی ہوئی، غیر ترقیاتی اخراجات 17 فیصد بڑھ گئے، آمدنی پہلے سے بھی کم ہو گئی۔
وزارت خزانہ کے مطابق رواں مالی سال پہلے چھ ماہ کا بجٹ خسارہ 10 کھرب 30 ارب روپے کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا، جو گزشتہ مالی سال اس عرصے سے 234 ارب روپے زیادہ ہے۔ رواں مالی سال پہلی ششماہی کا بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے 2.7 فیصد رہا، گزشتہ سال کا بجٹ خسارہ جی ڈی پی کے 2.2 فیصد تھا، جولائی سے دسمبر تک حکومت کی مجموعی آمدنی 23 کھرب 27 ارب 11 کروڑ روپے رہی، جو گزشتہ سال سے بھی 2.4 فیصد کم ہیجبکہ مجموعی اخراجات 33 کھرب 57 ارب روپے سے بھی تجاوز کر گئے جو گزشتہ سال سے 5.5 فیصد زیادہ ہیں۔رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال پہلی ششماہی میں قرضوں کی واپسی پر پہلے سے 16.7 فیصد زیادہ 876 ارب 70 کروڑ روپے خرچ ہوئے، دفاعی اخراجات کا حجم پہلے سے تقریبا 22 فیصد اضافے سے 479 ارب 59 کروڑ روپے رہا، ان کے برعکس ترقیاتی اخراجات میں 36 فیصد کمی رہی، چھ ماہ میں ترقیاتی منصوبوں پر 369 ارب روپے ہی خرچ کیے گئے جبکہ مجموعی طور پر غیر ترقیاتی اخراجات کا حجم 17.3 فیصد اضافے سے 29 کھرب 84 ارب روپے سے تجاوز کر گیا۔