کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) کفایت شعاری مہم کے تحت پی آئی اے انتظامیہ نے مختلف مدمیں کروڑوں روپے ریونیو کی مد میں حاصل کئے اور اور لاکھوں روپے کی بچت بھی ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق نئی حکومت اورنئی انتظامیہ قومی ائیرلائن کو ایک بارپھربہتری کی راہ پرگامزن کرنے میں کامیاب ہوگئی، قومی ایئرلائن کی انتظامیہ کی جانب سے کفایت شعاری پر عمل کرتے ہوئے ادارے کے ریونیو میں
خاطر خواہ اضافہ ہورہا ہے۔ ادارے نے رواں سال کے پہلے مہینے میں لاہور اسٹیشن سے ریونیو کی مد میں کروڑوں روپے حاصل کئے اور لاکھوں روپے کی بچت رہی، علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر اندرون و بیرونی ملک جانیوالے مسافروں سے اضافی سامان کی مد میں 1 کروڑ 20 لاکھ روپے سے زائد کا ریکارڈ ریونیو حاصل کیا۔ اسٹیشن منیجرلاہور کا کہنا ہے کہ ریونیوجنوری کےمہینےمیں حاصل ہوا، پی آئی اے نے لاہوراسٹیشن پر 25 لاکھ سے زائد ہر ماہ کرائے کی مد میں بچت کی۔ دوسری جانب پی آئی اے نے سی اے اے کی 22 ہزار اسکوائر فٹ جگہ خالی کردی ، پی آئی اے نے اپنے مختلف دفاتر کواپنے کملپکس میں شفٹ کیا ہے جس کے باعث ہر ماہ کثیر مقدار میں بچت ہوگی۔ پی آئی اےلاہور ایئرپورٹ پر 23 سے زائد دفاتر کا کرایہ اداکر رہی تھی اور سی اے اے کو دفاتر کی کرائے کی مد میں ہر ماہ لاکھوں روپے ادا کئے جارہے تھے۔ سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کا اسٹیشن منیجر لاہوراور عملے کوکارکردگی پر تعریفی اسناد بھی جاری کی۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پی آئی اے میں کفایت شعاری مہم جاری ہے۔