لاہور(اے این این )محکمہ موسمیات نے ملک میں منگل سے بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کر دی، اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور پشاور میں کھل کر بادل برسیں گے جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔سردی ابھی جانیوالی نہیں، بادل پھر برسنے کو تیار، مغربی ہوائیں کل رات سے پاکستان کا رخ کریں گی۔
موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے پیر سے مغربی ہوائیں چلیں گی اور پھر منگل سے بارش کا نیا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔منگل سے جمعرات تک مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان اور کوہاٹ میں بادل برسیں گے، دو روز کے دوران اسلام آباد، لاہور، فیصل آباد، گوجوانوالہ، سرگودھا اور ملتان بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوگی۔ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بادلوں کی جھڑی لگے گی۔ پہاڑوں پر بھی آسمان سے سفید موتیوں کی برسات کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی 10 ریکارڈ کیا گیا جبکہ سکردو منفی 09، بگروٹ منفی 07، استور منفی 06، مالم جبہ منفی 05، قلات منفی 04، ہنزہ منفی 03، کوئٹہ میں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 5، لاہور9، فیصل آباد7، ملتان 9، پشاور 4 اور کراچی میں 11 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ادھر بلوچستان کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں مذید اضافہ ہوگیا۔وادی کوئٹہ میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ پشین، مسلم باغ، مستونگ، قلات، قلعہ سیف اللہ اور دیگر اضلاع میں بھی بارش ہورہی ہے۔