اسلام آباد( این این آئی )وزیراعظم عمران خان متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم شیخ محمدبن راشدالمکتوم کی دعوت پر حکومتوں کے عالمی سربراہ اجلاس میں شرکت کے لئے کل ( اتوار)دبئی روانہ ہوں گے۔دفترخارجہ کے بیان کے مطابق سربراہان مملکت،حکومت، پالیسی سازوں اورماہرین کے سالانہ اجتماع میں اصلاحات ،جدت اورٹیکنالوجی کے ذریعے نظم ونسق بہتربنانے کے طریقوں پر غور کرنے کاموقع ملے گا۔
سربراہ اجلاس میں وزیراعظم کی شرکت سے علم پرمبنی معیشت نے سرسبزترقی اور ترقی کے لئے جدت کی اہمیت کے حوالے سے پاکستان کی گہری دلچسپی کااظہار ہوگا۔سربراہ اجلاس میں اپنے کلیدی خطاب میں وزیراعظم مضبوط اورخوشحال پاکستان کے لئے اپناوژن اجاگر کرنے سمیت پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے ۔وزیراعظم متحدہ عرب امارات کی قیادت سے ملاقات بھی کریں گے۔