لاہور( این این آئی ) وزیر مملکت برائے ریو نیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ حکومت کاروبار کو آسان بنانے کیلئے مختلف ٹیکسوں کو ہم آہنگ کررہی ہے جنہیں بتدریج کم کرنے سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی،سابق حکومتوں نے 2300ارب روپے کا خسارہ چھوڑا ہے جس کے نتیجے میں متعدداقتصادی شعبے دباؤ کا شکار ہیں۔ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہاکہ سابق حکومتوں کی بدانتظامی کی وجہ سے بند ہونے والے صنعتی یونٹوں کی بحالی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔حکومت آئندہ پانچ برسوں میں ٹیکسٹائل برآمدات بڑھانے کیلئے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوست ممالک کی مالی امداد سے قومی معیشت بہتر ہورہی ہے ، حکومت معیشت کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہپاک افغان سرحد پر باڑ کی تنصیب سے مختلف اشیا ء کی سمگلنگ کی روک تھام میں مدد ملے گی جس سے قومی خزانے کو سالانہ اربوں روپے کا فائدہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کپاس ہماری معیشت کے لئے اہمیت کی حامل ہے ،اس کی پیداوار میں کمی کی وجوہات جاننے کے لئے کام کررہے ہیں اور بہت جلدا س حوالے سے اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلایا جائے گا۔