اسلام آباد( آن لائن ) جڑواں شہروں سمیت ملک بھر میں بارش کا سلسلہ جب کہ بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھرمیں مغربی ہواؤں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جو کل رات تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں رہے گا۔مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ ڈویژن ،راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن ،اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کل بھی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا ۔
جب کہ بنوں، ڈی آئی خان، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، ڈی جی خان ڈویژن، میرپورخاص ڈویژن میں بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سوات، چترال، کالام، مالم جبہ، اپردیر، ہزارہ ڈویژن، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مزید برفباری کا امکان ہے۔تیز بارش کے باعث مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔جنوبی پنجاب کا مری کہلایا جانے والا ڈیرہ غازی خان کا علاقہ فورٹ منرو میں بھی رات سے جاری رہنے والا برفباری کا سلسلہ صبح پانچ بجے تک جاری رہا۔ جسے ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ برفباری کہا جا رہا ہے۔پولیٹیکل انتظامہ کے مطابق فورٹ منرو میں سات انچ برفباری پڑ چکی ہے جب کہ اس سے قبل تین سے چار انچ برفباری ریکارڈ کی گئی تھی۔فورٹ منرو میں برفباری کے باعث سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے تاہم علاقے میں بجلی اور پانی سمیت رہائش کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے سیاحوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔گزشتہ روز بھی پنجاب سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جب کہ رات گئے اندرون سندھ اور کراچی میں تیز اور ہلکی بارش ہوئی۔ بارش کے ساتھ ہی کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا۔