اسلام آباد( آن لائن )ملک کے مختلف حصوں میں بارش کی پیش گوئی کر دی گئی ہے، جڑواں شہروں سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں صبح سویرے بادلوں نے ڈیرے ڈال لیے جس کے بعد سردی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔لاہور میں مختلف مقامات پر ابرکرم برسنے کا امکان ہے جب کہ شہر میں کم از کم درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18سینٹی گریڈ رہے گا۔
وادی کوئٹہ میں ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔شہر میں درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان اور اس کے مضافات میں بھی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کے بعد سردی میں مزید اضافہ ہو گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق چمن شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں برف باری کا امکان ہے،شیرانی ، قلعہ یوسف سیف اللہ، لورالائی،زیارت اور میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ بالائی علاقوں میں برف برسانے والا سسٹم مغرب سے بلوچستان میں داخل ہو چکا ہے۔آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ژوب، کوئٹہ، قلات،مکران،سبی، حیدرآباد اور کراچی سمیت مختلف شہروں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے جب کہ مالاکنڈ ڈویژن ،ہزارہ،مری،گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں درمیانی سے شدید برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے جب مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہے اس سے قبل پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی پر نظر رکھنے والے ادارے نے پیش گوئی کی تھی کہ کہ رواں برس سرما کا دورانیہ طویل ہو سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جنوری سے مارچ کے ودران بالائی علاقوں میں بارشیں معمول سے زیادہ ہوں گی۔خیبر پختونخوا ، شمالی پنجاب ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں تین ماہ تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔