پشاور( آن لائن)باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر بیرون ملک جانے والے دو مسافروں کے پاس پولیو کارڈ نہ ہونے پر انہیں روک دیا گیا تاہم بعدازاں ائیر پورٹ پر انہیں پولیو قطرے پلانے کے بعد کارڈ بنا دیاگیا ۔ جبکہ پولیو مہم کے لئے نیا سلوگن ،، پولیو ورکر کو عزت دو ،، رکھ دیا گیا ہے ۔ باجوڑ میں پولیومہم میں غفلت کے مرتکب ہونے پر 7ملازمین کو ملازمت سے برطرف بھی کیا جا چکا ہے جبکہ مالاکنڈ میں شدید برف باری کے باوجودپولیو ورکر پولیو مہم انتہائی کامیابی کے ساتھ چلا رہے ہیں ۔ بیرون ملک جانے والوں کے
لئے پولیو کے قطرے اور کارڈ لازمی قرار دیا جا چکا ہے تاہم بعض محکمہ صحت کے ملازمین کی ملی بھگت سے بیرون ملک جانے والے مسافروں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے جا رہے اور ٹریول ایجنسیوں کو صرف سادہ کارڈ دیئے جا رہے ہیں جن کے خلاف بھی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں خلیجی ممالک جانے والے دونوں مسافروں کو اس وقت ائیر پورٹ انتظامیہ نے روک دیا جب ان کے پاس پولیو کے کارڈ نہیں تھے باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کے لئے پولیو کے خصوصی سنٹر قائم کیا ہے ۔