بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) چین کے چڑیا گھر میں قید چیمپینزی کو گندگی بالکل پسند نہیں اس لیے وہ اپنے پنجرے کی روزانہ جھاڑو لگاتا اور کچرا صاف کرتا ہے۔ چین کے علاقے شین یانگ سٹی میں واقع چڑیا گھر میں قید 18 سالہ چیمپنزی کی حیران کن ویڈیو سامنے آئی جسے دیکھ کر
صارفین ورطہ حیرت میں مبتلا ہوگئے۔ چینی میڈیا کی جانب سے جاری ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بروم اسٹک میں موجود چیمپینزی نے اپنے پنجرے میں جھاڑو رکھی ہوئی ہے جس سے وہ کچرا صاف کرتا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اس چیمپنری کو 4 سال کی عمر میں چڑیا گھر لایا گیا تھا اور اب اُس کی عمر 18 سال ہوچکی ہے۔ انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو دیکھ کر آپ کو اندازہ ہوجائے گا کہ چیمپنیزی کو گندگی بالکل پسند نہیں اور وہ اس کی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھتا ہے۔ ایک موقع پر اُس نے جھاڑو اٹھائی اور پنجرے میں جمع ہونے والے کچرے کو کونے میں اکھٹا کردیا جبکہ چڑیا گھر آنے والے لوگوں کی طرف سے جو پھل پنجرے کے اوپر پھینکے گئے تھے اُن کے چھلکے بھی جمع کر کے ایک ساتھ کر دیے۔ چڑیا گھر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہیں پنجرے کی صفائی کے لیے پریشان ہونا نہیں پڑتا کیونکہ ’ذہین اسمارٹ چیمپینزی‘ دروازے کے قریب کوڑا کرکٹ جمع کردیتا ہے جسے آسانی سے اٹھا لیتے ہیں۔