اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ویسے تو اس وقت بیشتر لوگ اسمارٹ فونز اور ٹیبلیٹ وغیرہ کے استعمال کو زیادہ پسند کرتے ہیں مگر ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر بالخصوص لیپ ٹاپ کی اہمیت میں اب بھی کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ اور اگر آپ کسی اچھے لیپ ٹاپ کو لینے کی خواہش رکھتے ہیں۔
تو معروف کمپنی ایسر کی یہ نئی ڈیوائس آپ کو ضرور پسند آئے گی۔ یہ ہے سوئفٹ 7 نامی لیپ ٹاپ جس کے بارے میں کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کا سب سے پتلا لیپ ٹاپ ہے۔ اس کی پہلی جھلک تو اگست 2018 میں سامنے آئی تھی مگر 92 فیصد اسکرین ٹو باڈی ریشو والا یہ لیپ ٹاپ آئندہ ہفتے لاس ویگاس میں شیڈول سی ای ایس نمائش میں متعارف کرایا جارہا ہے۔ اس کے فیچرز، قیمت اور دیگر تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔ 0.39 انچ پتلا یہ لیپ ٹاپ بیزل کی وجہ سے ڈرامائی حد تک مختصر لگتا ہے جبکہ اس کا وزن بھی صرف 889 گرام ہے۔اس لیپ ٹاپ میں 14 انچ کا بیزل لیس ڈسپلے 1920×1080 ٹچ اسکرین کے ساتھ دیا گیا ہے۔ اس لیپ ٹاپ میں انٹیل کا ایٹ جنریشن کور آئی 7 امبر لیک پراسیسر موجود ہے جبکہ 256 یا 512 جی بی اسٹوریج کے ساتھ 8 سے 16 جی بی ریم کے آپشنز دیئے جائیں گے۔ اس میں 2 تھنڈر بولٹ تھری یو ایس بی سی پورٹس بھی دی گئی ہیں، بیک لٹ کی بورڈ اور پاور بٹن جو کہ ونڈوز فنگرپرنٹ ریڈر کا بھی کام کرے گا۔ کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک چارج پر اس لیپ ٹاپ کی بیٹری 10 گھنٹے تک کام کرے گی۔ اس لیپ ٹاپ کو بیزل لیس بنانے کے لیے ویب کیم لوکیشن بدلی گئی ہے اور اب پوپ اپ ویب کیم کی بورڈ بیس میں دیا گیا ہے جو کہ 65 ڈگری تک گھوم بھی سکتا ہے۔ یہ لیپ ٹاپ رواں سال اپریل میں 1699 ڈالرز کے عوض مختلف ممالک میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔