اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)کراچی کی بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں 23 جنوری تک مزید توسیع کردی۔نجی ٹی وی کے مطابق سابق صدر اور ان کی ہمشیرہ مدت ضمانت کے خاتمے پر کراچی کی بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے، اس موقع پر سکیورٹی کےسخت انتظامات کیے گئے تھے۔دوران سماعت ملزمان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ایف آئی اے کو حتمی چالان جمع کرانے کا حکم دیا جائے۔
جس پر عدالت نے کہا کہ ہمیں تو سپریم کورٹ نے کارروائی سے روکا ہوا ہے، عدالت عظمیٰ کی اجازت کے بغیر ہم مزید کارروائی نہیں کرسکتے۔جس کے بعد عدالت نے آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت قبل ازگرفتاری میں 23 جنوری تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔واضح رہے اس سے قبل 22 دسمبر کو ہونے والی گذشتہ سماعت پر بینکنگ کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی ضمانت میں 7 جنوری تک کی توسیع کی تھی۔