صنعاء (این این آئی)یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کے ترجمان نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ یمن کی بندرگاہوں کی جانب آنے والے 10 بحری جہازوں کو پرمٹ جاری کیے گئے جن پر خوراک اور تیل لدا ہوا تھا۔4 جہاز گزشتہ 12 روز سے الحدیدہ کی بندرگاہ میں
داخلے کے منتظر ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمن میں ہائی ریلیف کمیٹی یہ انکشاف کر چکی ہے کہ ایران نواز حوثی ملیشیا نے مئی 2015 سے دسمبر 2018 کے درمیان 88 سے زیادہ امدادی، تجارتی اور تیل لانے والے جہازوں کو قبضے میں لے کر انہیں یمن کے مغربی صوبے الحدیدہ کی دو بندرگاہوں الصلیف اور الحدیدہ میں داخل ہونے سے روک دیا۔ ان میں 34 جہاز ایسے تھے جن کو ملیشیا نے 6 ماہ سے زیادہ عرصے تک روکے رکھا جس کے بعد ان پر موجود سامان قابل استعمال نہیں رہا۔ہائی ریلیف کمیٹی کے مطابق حوثی ملیشیا نے بحر احمر میں 7 امدادی ، تجارتی اور تیل کے حامل جہازوں کو براہ راست گولہ باری کا نشانہ بنایا۔ ان میں چار جہاز سعودی عرب ، 2 امارات اور ایک ترکی کا تھا۔علاوہ ازیں حوثیوں نے الحدیدہ، صنعاء ، اِب، تعز، حجہ اور ذمار میں امدادی سامان کے 697 ٹرک لْوٹ لیے۔ یاد رہے کہ لوٹے جانے والے ٹرکوں میں سے بعض پر ہیضے کی وبا کی خصوصی دوائیں اور بچوں کی ویکسین موجود تھی۔