لاہور (آن لائن) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے رات گئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال لودھراں کا اچانک دورہ کیا۔وزیر اعلی بغیر پیشگی اطلاع ہسپتال پہنچے اور مختلف وارڈز کا دورہ کیا۔وزیر اعلیٰ ایمرجنسی وارڈ، میڈیکل وارڈ، سی سی یو، کارڈیالوجی وارڈاور دیگر شعبوں میں گئے۔وزیر اعلیٰ نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیر اعلیٰ نے مریضوں کی عیادت اور ان کی خیریت دریافت کی اور مریضوں سے طبی سہولتوں
کے بارے میں سوال پوچھے۔مریضوں نے علاج معالجے کی سہولتوں پر اطمینان کا اظہارکیا۔وزیر اعلیٰ نے مریضوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا کہ میرا ہر لمحہ عام آدمی کی بہتری اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے وقف ہے ۔ میں خود ہسپتالوں کے دورے کر کے صورتحال کا جائزہ لے رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ معیاری علاج معالجہ آپ کا حق ہے اورتحریک انصاف کی حکومت آپ کو یہ حق دے کر رہے گی۔