اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) انسٹاگرام میں آغاز سے ہی پوسٹ کو دیکھنے کے لیے نیچے کی جانب اسکرول کرنا پڑتا ہے۔ مگر اب فیس بک کی زیرملکیت ایپ لگتا ہے کہ اپنی اپلیکشن کی سب سے بڑی تبدیلی کرنے والی ہے۔ درحقیقت جمعرات کی صبح ایک بگ کے نتیجے میں انسٹاگرام کے
کچھ صارفین کی نیوزفیڈ میں اس بڑی تبدیلی کو دیکھا گیا، جس میں نیچے کی طرف روایتی اسکرولنگ کی بجائے اسٹوریز کی طرح پوسٹس تبدیل ہوں گی۔ انسٹاگرام نے تصدیق کی ہے کہ ایک بگ کے نتیجے میں یہ فیچر کچھ صارفین کے پاس پہنچ گیا۔ رواں سال اکتوبر میں انسٹاگرام نے اسٹوریز کی طرح پوسٹس کو دیکھنے کے فیچر کی آزمائش ایکسپلور پوسٹس کے لیے شروع کی تھی۔ مگر صارفین کی جانب سے آج صبح آنے والی تبدیلی کا مذاق اڑایا گیا جس میں روایتی اسکرولنگ کی بجائے نیا طریقہ کار سامنے آگیا۔ بیشتر صارفین نے فوری طور پر شکایت کی کہ یہ نیا طریقہ کار مضحکہ خیز اور ذہن کو جھنجھلا دینے والا ہے۔ انسٹاگرام کے ایک ترجمان کے مطابق یہ ایک بگ کی وجہ سے ہوا اور ہم نے فوری طور پر اس تبدیلی کو رول بیک کرلیا۔ یہ ممکن ہے کہ انسٹاگرام کی جانب سے مستقبل قریب میں مین فیڈ کو اس طرح بدل دیا جائے۔ مگر حالیہ تجربے میں صارفین کے ردعمل کو دیکھتے ہوئے یہ بھی ممکن ہے کہ وہ ایسا کرنے سے پہلے دوبار سوچے۔