اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہےکہ لاڈلے کے پھٹے ڈھولوں نے آج پھر للکارا ہے لہٰذ ہم انہیں اکیلے ہی منہ دیں گے۔نوڈیرو میں شہید بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ لاڈلے کے پھٹے ہوئے ڈھولوں نے آج پھر للکارا ہے، ان سب کے ڈھول پھٹے ہوئے ہیں، ہم ان کے بنائے ہتھکنڈوں سے نہیں ڈرتے، پہلے بھی ان ہتھکنڈوں کا مقابلہ کیا اور اب بھی کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ بلاول میرا اور بے نظیر کا بیٹا ہے، اسے کیا ڈراؤ گے، ان سب کو ہم پی پی والے اکیلے ہی منہ دیں گے اور ہمارے جیالے منہ دیں گے۔سابق صدر کا کہنا تھا کہ میں نے سو دنوں میں نے بی بی کارڈ دے دیا تھا، آئینی ترمیم کا کام کردیا تھا، انہوں نے سو دنوں میں کچھ نہیں کیا، یہ کہتے ہیں کہ سو دن بہت کم ہیں، جو کام کرنا جانتا ہو اس کے لیے بہت ہیں جسے کچھ نہیں آتا اس کے لیے کچھ نہیں، ان کو سوائے ٹی وی پر بکواس کے اور کچھ نہیں آتا۔جلسے سے اعتزاز احسن و دیگر نے بھی خطاب کیا۔