الریاض(این این آئی)سعودی عرب میں ڈاکٹروں نے افریقی ملک تنزانیا کی آپس میں جڑی دو بچیوں کو کامیاب آپریشن کے ذریعے علیحدہ کردیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق تنزانیا کی بچیوں انیشیا اور ملینیزکی سرجری شاہ عبداللہ چلڈرن اسپتال کے ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ کی زیرنگرانی 13 گھنٹے تک جاری رہی۔ دونوں بچیوں کی سرجری کے لیے شاہی دیوان کے مشیر کی طرف سے خصوصی نگرانی کی گئی۔ بچیوں کو ایک دوسرے سے الگ کرنے کے آپریشن میں 32 ڈاکٹروں نے حصہ لیا۔ ڈاکٹر الربیعہ کی نگرانی میں ہونے والے اس
آپریشن میں 13 گھنٹے لگے اور یہ 9 مراحل میں مکمل ہوا۔ دونوں کے دھڑ اور سینے سے نیچے باہم ملے ہوئے تھے۔جگر، انتڑیاں اور اعضاء تناسل بھی ایک دوسرے کے ساتھ متصل تھے۔ اس اعتبار سے یہ ایک انتہائی پیچیدہ کیس تھا مگر ڈاکٹروں نے اسے کامیابی سے مکمل کیا ہے۔ تنزانیا کی ان دونوں بچیوں کے علاج کے لیے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کی طرف سے خصوصی احکامات جاری کیے گئے تھے۔ بچیوں کو سعودی قیادت کے حکم پر شاہ عبدالعزیز میڈیکل کمپلیکس لایا گیا تھا۔