اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)نیشنل بینک آف پاکستان اور یونائیٹڈانشورنس کمپنی (یو آئی سی) کے درمیان ملک کے زرعی شعبہ کو مستحکم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے کے تحت یو آئی سی زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں کام کرنے والے کاشت کاروں کو بیمے کی سہولت فراہم کرے گی تاکہ انھیں نقصانات سے بچایا جاسکے۔ اس موقع پریونائیٹڈ انٹرنیشنل گروپ کے چیئرمین میاں ایم اے شاہد نے کہا کہ زرعی شعبہ موسمی تغیرات اور دیگر عوامل کی وجہ سے غیر مستحکم رہتا ہے جس کے لئے انشورنس
کا تحفظ ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ قومی جی ڈی پی میں زراعت کا حصہ اکیس فیصد سے گر کے اٹھارہ فیصد رہ گیا ہے مگر اسکے باوجود یہ شعبہ بیالیس فیصد افراد کو روزگار فراہم کر رہا ہے جبکہ پچھتر فیصد برامدات بھی اسی شعبے سے متعلق ہیں۔ میاں ایم اے شاہدنے کہا کہ ایک کروڑ بیس لاکھ افراد زراعت سے براہ راست وابستہ ہیں جبکہ چالیس لاکھ لائیو سٹاک سے وابستہ ہیں اور مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ یا کسی قسم کی کمی بیشی سے اس شعبہ پر دارومدار رکھنے والے افراد متاثر ہوتے ہیں۔