اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ بریڈ فورڈ یونیورسٹی کے ماہرین کے ساتھ مل کر پاکستانی ڈاکٹر تحقیق کریں گے جس میں متعدد بیماریوں کے پھیلنے کی وجوہات تلاش کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر صحت نے یہ اعلان بدھ کے روز بریڈفورڈ یونیورسٹی
کے وفد سے ملاقات کے بعد کیا۔ قبل ازیں پروفیسر جون رائٹ کی سربراہی میں بریڈ فورڈ یونیورسٹی کے وفد نے عامر محمد کیانی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ’بریڈ فورڈ یونیورسٹی تاریخ میں پہلی بار پاکستان میں تحقیق کے لیے آئے گی اور ہم مشترکہ مطالعہ کریں گے جس میں مختلف بیماریوں کے پھیلنے کی وجوہات کو تلاش کیا جائے گا‘۔ اُن کا کہنا تھا کہ تحقیق ذہنی بیماریوں سمیت مختلف امراض پر کی جائے گی اور اس میں بیماریوں کو روکنے کا لائحہ عمل بھی تیار کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’مشترکہ مطالعے کی مدد سے جہاں بیماریوں کے پھیلنے کی وجوہات معلوم ہوں گی وہیں اس کے نتائج عالمی سطح پر بھی مدد فراہم کریں گے‘۔ اُن کا کہنا تھا کہ رابرٹ یونیورسٹی کی تحقیق شعبہ صحت کے لیے بڑا اقدام ثابت ہوگی۔ قبل ازیں ہفتے کے روز وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سستا علاج و معالجہ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، اس ضمن میں حکومت جلد ملک بھر کے غریبوں میں صحت کارڈ فراہم کرے گی۔