اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے صدر غضنفر بلور کا کہنا ہے کہ ڈالر کی پرواز اور شرح سود کی دہری تلوار معیشت کو برباد کر دے گی۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی اور شرح سود میں زبردست اضافہ کی دہری تلوار معیشت کے لیے زہر قاتل ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے مہنگائی اور عدم استحکام میں اضافہ، پیداوار میں کمی جبکہ کاروباری لاگت بڑھ جائے گی۔
غضنفر بلور نے مزید کہا کہ ملک میں کاروباری کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے اور اب شرح سودمیں اضافہ اور کرنسی کی قدر میں کمی سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار سراسیمہ ہو جائیں گے۔ صدر ایف پی سی سی آئی کا کہنا تھا کہ قرضوں اور ترقیاتی منصوبوں کی لاگت میں اضافہ ہو جائے گا، گزشتہ دس سال کے دوران ایک دن میں روپے کی قدر میں اتنی زیادہ کمی نہیں آئی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل میں مسائل دیکھ رہا ہوں، اس سے وہ اقتصادی مسائل جنم لیں گے، جنھیں حل کرنے کے لیے کئی سال درکار ہوں گے۔