کراچی (این این آئی)ملکی کرنسی مارکیٹوں میں غیرملکی کرنسیوں کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی بے قدری کا تسلسل جاری ہے جمعہ کوانٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید میں 2.70روپے اور قیمت فروخت میں3.60روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالرکی قیمت خرید میں1.70روپے اور قیمت فروخت میں2.30روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔
فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مطابق جمعہ کوانٹربینک میں ڈالر دوران ٹریڈنگ تاریخ کی بلند ترین سطح 142 روپے کو چھو گیا، مگراسٹیٹ بینک آف پاکستان کی مداخلت کے بعد ڈالرکی قدر میں نمایاں کمی آئی ۔ذرائع کے مطابق ڈالر کی بڑھتی قیمت کو دیکھتے ہوئے اسٹیٹ بینک نے کمرشل بینکوں سے رابطے کر کے صرف حقیقی خریداروں کو ڈالر فروخت کرنے کے احکامات جاری کیے، جس سے ڈالر 142 روپے سے نیچے آگیا، مگر ڈالر جمعرات کی نسبت 3.70روپے مہنگا ہوگیا ہے۔معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق تجارتی خسارہ اور قرض و سود کی ادائیگیوں کے باعث ہر ہفتے زرمبادلہ کے ذخائر میں اوسط 200 ملین ڈالر کی کمی ہو رہی ہے، موجودہ معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے امپوٹرز ڈالر کی بڑھ چڑھ کر خریداری کر رہے ہیں۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جمعہ کوانٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت خرید میں 2.70روپے اور قیمت فروخت میں3.60روپے کانمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا،جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید134.00روپے سے بڑھ کر136.70روپے اورقیمت فروخت134.10روپے سے بڑھ کر137.70روپے ہوگئی۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالرکی قیمت میں1.70روپے اور قیمت فروخت میں2.30روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیاگیا،جس کے نتیجے میں امریکی ڈالر کی قیمت خرید135.00روپے سے بڑھ کر136.70روپے اورقیمت فروخت135.40روپے سے بڑھ کر137.70روپے کی بلندترین سطح پر پہنچ گئی۔
جمعہ کویوروکی قیمت خرید میں1.50روپے اور قیمت فروخت میں3.00روپے جبکہ برطانوی پاؤنڈکی قیمت خرید میں75پیسے اور قیمت فروخت میں2.25روپے کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا،جس کے نتیجے میں بالترتیب یوروکی قیمت خرید153.00روپے سے بڑھ کر154.50روپے اورقیمت فروخت154.50روپے سے بڑھ کر157.50روپے جبکہ برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید172.00روپے سے بڑھ کر172.75روپے اورقیمت فروخت173.50روپے سے بڑھ کر175.75روپے ہوگئی۔
فاریکس رپورٹ کے مطابق سعودی ریال کی قیمت خرید میں 20پیسے اور قیمت فروخت میں40پیسے جبکہ یواے ای درہم کی قیمت خرید میں20پیسے اور قیمت فروخت میں40پیسے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا،جس کے نتیجے میں باالترتیب سعودی ریال کی قیمت خرید36.00روپے سے بڑھ کر36.20روپے اورقیمت فروخت36.30روپے سے بڑھ کر36.70روپے جبکہ یواے ای درہم کی قیمت خرید36.80روپے سے بڑھ کر37.00روپے اورقیمت فروخت37.10روپے سے بڑھ کر37.50روپے ہوگئی۔جمعہ کوچینی یوآن کی قدرمیں استحکام رہا،جس کے نتیجے میں چینی یوآن کی قیمت خرید19.20روپے اور قیمت فروخت20.20روپے پرمستحکم رہی۔