ممبئی(این این آئی) بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کو فلم ’برہما سترا‘ کی عکس بندی کے دوران ایک اسٹنٹ کرنا مہنگا پڑ گیا۔بھارتی نیوز سائٹ دکن کرونیکل کی رپورٹ کے مطابق فلم کی شوٹنگ ممبئی میں جاری ہے اس دوران اداکارہ ایک ایکشن منظر کی عکس بندی کرتے ہوئے زخمی ہوگئیں۔عالیہ بھٹ رسی پر چڑھ کر ایک ایکشن سین شوٹ کروا رہی تھیں کہ اچانک وہ توازن برقرار نہ رکھ سکیں اور گر گئیں جس سے ان کے گٹھنے پر چوٹ آئی۔ اداکارہ فلم کی عکس بندی کرتے ہوئے دوسری مرتبہ زخمی ہوئیں۔
اس سے قبل وہ بلغاریہ کی شوٹنگ کے دوران بھی زخمی ہوچکی ہیں۔عالیہ بھٹ کو ڈاکٹر نے پہلی بار زخمی ہونے پر تجویز دی تھی کہ وہ شوٹنگ معطل کردیں لیکن اداکارہ نے ڈاکٹر کے مشورہ پر عمل نہیں کیا۔ تاہم اب بھی اداکارہ نے فلم کی شوٹنگ جاری رکھنے کا ہی فیصلہ کیا ہے جب کہ فلم کی کاسٹ میں بالی وڈ شہنشاہ امیتابھ بچن بھی شامل ہیں۔فلم’ ’برہما سترا‘‘ میں عالیہ بھٹ پہلی مرتبہ رنبیر کپور کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی جن کے ساتھ ان کے قریبی تعلقات کے چرچے بھی زبان زدعام ہیں۔