اسلام آباد (آئی این پی ) چینی سفارتخانہ نے کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات متاثر کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی،پاک فوج، پولیس کی بروقت موثر کاروائی قابل تعریف ہے، چینی قونصلیٹ میں حالات معمول کے مطابق ہیں، کوئی چینی شہری زخمی نہیں ہوا،
2پاکستانی پولیس اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت کرتے ہیں۔ جمعہ پاکستان میںقائم چینی سفارتخانے نے کراچی میں چینی قونصل خانے پر دہشت گردی کے حملے کی سخت مذمت کی اور اپنے بیان میں بتایا کہ اس وقت صورتحال قابو میں ہے جبکہ تین دہشت گردوں کوہلاک کر دیا گیا ہے۔حملے میں قونصل خانے کے کسی چینی فرد کا جانی نقصان نہیں ہوا۔اس وقعے کے رونما ہونے کے فورا بعدپاکستان میں چینی سفارت خانے اور قونصل خانے نے چینی اراکین کی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہنگامی نظام کا آغاز کیا۔چینی سفارتخانے نے کہا کہ ہم اس واقعے سے نمٹنے کے لیے پاکستانی فوج اور پولیس کے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اس واقعے میں شہید دو پاکستانی پولیس اہلکاروں کے لیے رنج وغم کا اظہار کرتے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے ہمیں یقین ہے کہ پاکستان چینی افراد اور اداروں کی سلامتی کو یقینی بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ، اورچین-پاک تعلقات کو نقصان دینے والی کوئی بھی سازش کا میاب نہیںہوگی۔