اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات منور انجم نے کہا ہے کہ علیمہ خان کا جرمانہ ادا کرنے کا عمل دراصل اقرار جرم ہے، سوال یہ ہے کہ علیمہ نیازی کے پاس پیسہ کہاں سے آیا؟ اپنے ایک بیان میں پیپلزپارٹی کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ قوم دیکھ رہی ہے کہ وزیراعظم سلیکٹیڈ نے اپنی ہمشیرہ کو غیراعلانیہ این آر اور دے کر عوام کی
آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی ہے۔ منور انجم نے کہا کہ بنیادی سوال یہ ہے کہ علیمہ نیازی کے پاس پیسہ کہاں سے آیا اور انہیں ذریعہ آمدنی بتانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ علیمہ نیازی پر منی لانڈرنگ کا مقدمہ بن سکتا ہے۔ ایک ملک میں دو قانون نہیں ہو سکتے۔ عمران خان کو بتانا ہوتا ہے جس پیسے سے علیمہ خان نے بیرون ملک پراپرٹی خریدی وہ پیسہ کہاں سے آیا؟