اسلام آباد(این این آئی )پاکستان اور انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ ( آئی ایم ایف) کے درمیان قرضے کیلئے شرائط پر مذاکرات کا عمل گزشتہ روز بھی جاری رہا ۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا وفد ہیرالڈ فنگر کی سربراہی میں نیپرا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد پہنچا جہاں ان کی چیئرمین نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے ملاقات ہوئی ٗ اس موقع پر نیپرا کے مختلف شعبوں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ نجی ٹی وی کے مطابق آئی ایم وفد کو پاور
سیکٹر کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی ٗوفد کو بجلی جنریشن ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن شعبوں کی کارکردگی سے آگاہ کیا گیا۔یاد رہے کہ آئی ایم ایف کا وفد 6 نومبر کو اسلام آباد پہنچا اور 7 سے 9 نومبر کے درمیان پاکستان اور آئی ایم ایف وفد کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات ہوئے جس کے دوران معیشت کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کا ڈیٹا پیش کیا گیا۔پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی سطح کے مذاکرات 20 نومبر تک جاری رہیں گے ۔