نیوزی لینڈ(مانیٹرنگ ڈیسک) تازہ پھلوں اور سبزیوں کے فوائد سے انکار تو کسی کو نہیں ہے تاہم اب ایک تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ان کے کھانے سے دو ہفتوں میں نفسیاتی امراض سے بھی چھٹکارا ممکن ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحقیق میں کہا گیا ہے کہ تازہ پھل اور سبزیاں کھائیں اور جسمانی اور نفسیاتی امراض سے چھٹکارا پائیں، یہ تحقیق نیوزی لینڈ میں سامنے آئی ہے۔ تازہ تحقیق کہا گیا ہے کہ تازہ پھلوں اور سبزیوں کا استعمال انسان کو کئی نفیساتی امراض سے دور کر کے چاق و چوبند رکھتا ہے۔ نیوزی لینڈ کی
یونی ورسٹی آف اوٹاگو کے پروفیسرز کا کہنا ہے کہ صرف چودہ دنوں میں سبزیاں اور پھل کھانے والے افراد کے رحجان اور سرگرمیوں میں نمایاں مثبت تبدیلی نظر آتی ہے۔ تحقیق سے ظاہر ہوا ہے کہ پھل اور سبزیوں کا استعمال جسمانی امراض سے بھی دور رکھتا ہے اور انسان کو کئی نفسیاتی امراض سے بھی بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یاد رہے کہ ڈاکٹر ہمیشہ مشورہ دیتے ہیں کہ گہری رنگت کے پتوں والی سبزیاں‘ گاجر‘ کھیرے‘ سیب‘ کیوی‘ کیلے‘ تازہ بیریاں اور ترش پھل زیادہ کھائے جائیں جن کے بے تحاشا فوائد ہیں۔