اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے مسافروں کی سہولت کے لیے موبائل ایپ متعارف کرادی جو 12 ہزار کلومیٹر شاہراؤں کی مکمل تفصیل سے آگاہ رکھے گی۔ تفصیلات کے مطابق این ایچ اے کی جانب سے اسلام آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیرمملکت برائے مواصلات مراد سعید اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حکام نے شرکت کی۔
وزیرمملکت برائے مواصلات نے موبائل ایپ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے موٹر ویز اور ہائی ویز کو ایک ہی ایپ میں منسلک کردیا گیا، اب این ایچ اے کی تمام تفصیلات عوام کے سامنے موجود ہیں۔ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ حکومت نے100روزہ پلان کے اہداف 70 روز میں پورے کئے، ہم نے این ایچ اے کی 128کروڑ مالیت کی زمین واگزار کرائی اور محکمے کی اضافی گاڑیاں بھی نیلامی کے لئے پیش کیں۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ذرائع آمدن میں 750 ملین اضافہ ہوگیا، این ایچ اے نے صرف 50 دنوں میں ملکی خزانے کو 344 کروڑ روپے کا فائدہ پہنچایا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق 5 نئے منصوبے شروع کرنے جارہے ہیں، حیدرآباد تا سکھر کا موٹروے بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ ایپلیکشن کے فوائد عوام 12 ہزار کلومیٹر تک موٹروے کا موسم، ٹریفک کی روانی، روڈ کی بندش کے حوالے جان سکیں گے جبکہ ملک بھر کے تمام ہائی ویز موٹرویز پر موجود رکاوٹوں، روڈ سیفٹی، ٹال ریٹس، موٹروے پولیس کے بارے میں معلومات ایک ٹچ پر آسانی سے حاصل کرسکیں گے۔