ریاض(این این آئی)سعودی عرب، کویت اور اردن سمیت خلیجی ممالک ان دنوں شدید موسم کی لپیٹ میں ہیں، ریاض میں کئی گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں، کویت میں بھی بارشوں سے کئی علاقوں میں سیلاب آگیا، اردن میں سیلاب اوربارشوں سے آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے۔متعدد علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی،خلیجی ممالک میں بارشوں اور سیلاب سے معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے، سعودی عرب میں بارشوں سے کئی علاقے زیر آب آگئے،
ریاض میں گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں جبکہ سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں سعودی عرب کے مختلف شہروں ریاض ، الباحہ ، مکہ مکرمہ، طائف ، العرضیات ، اللیث، الخرمہ او رجدہ میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ریاض میں ژالہ باری کا سلسلہ بھی رہا۔ دارالحکومت کی سڑکیں زیر آب آگئیں۔ سیلاب کے باعث شہر کے بیشتر انڈر پاس ڈوب گئے۔ کئی سڑکوں پر ٹریفک معطل ہو کر رہ گئی،موسلادھار بارش میں 93افراد پھنس گئے ، جنہیں بچا لیا گیا، 71گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ شارٹ سرکٹ کے 34واقعات ریکارڈ پر آئے۔سعودی ٹی وی کے مطابق ریاض محکمہ ٹریفک نے گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو مشرقی سرکلر روڈ کے انڈر پاس و چوراہو ں ، دیراب روڈ او رمغربی سرکلر روڈ کی طرف موڑ دیا۔ یہاں موسلا دھار بارش کی وجہ سے شاہراہیں بند ہوگئیں جبکہ انڈر پاس میں بہت ساری گاڑیاں ڈوب گئیں اور شہر کے مختلف مقامات جھیل کا منظر پیش کرنے لگے۔موسلادھار بارش میں 93افراد پھنس گئے ، جنہیں بچا لیا گیا، 71گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ شارٹ سرکٹ کے 34واقعات ریکارڈ پر آئے۔الشرقیہ ، القصیم، حدود شمالیہ، مدینہ منورہ، حائل، الجوف، الریاض، جازان، تبوک، نجران، عسیر، الباحہ او رمکہ مکرمہ میں تیز ہواوں کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔ بعض مقامات پر درمیانے درجے اور دیگر مقامات پر تیز بارش دیکھنے میں آئی۔مکہ مکرمہ میں موسلا دھار بارش کے باعث وادی عرنہ میں ایک ماہ کے دوران دوسری بار سیلاب آگیا، جنوبی مکہ کا الحسینیہ محلہ موسلا دھار بارش کے باعث زیر آب آگیا۔
الحسینیہ کے باشندوں نے نکاسی آب کے نظام کا شکوہ دہراتے ہوئے کہا کہ پتہ نہیں کب تک ہم لوگ سیلاب کے مسائل سے دوچار ہوتے رہیں گے۔اللیث کمشنری میں موسلا دھار بارش نے یہاں کی سڑکوں اور چوراہوں پر پانی کھڑا کردیا، ایک گھنٹے تک مسلسل زوردار بارش ہوتی رہی جس کے باعث سڑکوں پر کھڑی متعدد گاڑیاں ڈوب گئیں اور ٹریفک کا نظام معطل ہوگیا۔جدہ میں موسلا دھار بارش ہو ئی۔ تاہم نکاسی کا نظام موثر ہونے کے باعث جلد ہی تمام سڑکیں دھوپ نکلنے پر خشک ہوگئیں تاہم بعض نشیبی مقامات پر بارش کا پانی جمع ہو گیا ۔عفیف کمشنری میں بھی بارش سے جھیلوں کے مناظر پیدا ہو گئے، طائف میں گرج چمک، تیز ہواوں کے ساتھ بارش اورژالہ باری ہوئی۔شہری دفاع کے ترجمان کرنل جمعان دایس نے بتایا کہ بارش کے باعث یہاں کے تمام پہاڑی راستے بند کر دیئے گئے ۔