مکہ مکرمہ(این این آئی) مکہ معظمہ میں ہونے والی بارش کے دوران بڑی تعداد میں معتمرین طواف کعبہ میں مصروف تھے۔ بارش زیادہ ہو گئی تو خانہ کعبہ چھت پرجمع ہونے والا پانی میزابِ کعبہ کے ذریعے گرنا شروع ہوا تو معتمرین اور زائرین میں
اس پانی کے حصول کے لیے شاندار مقابلے کے مظاہر دیکھنے میں آئے۔ عرب ٹی وی کے مطابق بارش کے وقت کی خانہ کعبہ اور زائرین کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو وہ جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئیں۔سماجی رابطوں کی ویب سائیٹس پر معتمرین کو میزاب کعبہ کی طرف لپکتے اور اس کے پانی کے حصول کی کوشش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔میزاب کعبہ المشرفہ خانہ کعبہ کی چھت پر جمع ہونے والے پانے کے اخراج کے لیے بنایا گیا ایک پرنالہ ہے۔ تاریخ کی کتابوں میں اسے میزاب ہی لکھا گیا ہے۔ میزاب خانہ کعبہ کی چھت سے جڑا پرنالہ ہے جو حجراسماعیل کے قریب بنایا گیا ہے۔بیشتر مسلمانوں کا خیال ہے کہ خانہ کعبہ کی چھت سے گرنے والا بارش کا پانی عظیم نعمت اور عطیہ خدا وندی ہے۔ یہ موقع کم ہی خوش نصیبوں کوملتا ہے کہ جب وہ طواف کریں تو بارش ہو رہی ہو اور وہ میزاب کے پاس کھڑے ہو کرمیزاب سے گرتے پانی کی برکات سمیٹ سمیٹ سکیں۔