لندن(نیوزڈیسک) نارنجی میں وٹامن سی بکثرت پایا جاتا ہے جس کی وجہ سے اس کا استعمال جلد کیخوبصورتی، آنکھوں کی نشوونما اور جسم کا مدافعتی نظام مضبوط بناتا ہے تاہم جدید تحقیق کے مطابق اس کے باقاعدہ استعمال سے دماغی صلاحیتوں میں بھی حیرت انگیز اضافہ ہوتا ہے۔برطانیہ کی ریڈنگ یونیورسٹی سے منسلک طبی ماہرین نے اپنی تحقیق کے دوران 60 سے 81 برس تک کی عمر کے افراد کو 2 ماہ تک روزانہ 500 ملی میٹر اورنج جوس پلایا ، اس دوران ان افراد کی گفتگو میں روانی، یادداشت اور ردِعمل میں بتدریج بہتری دیکھی گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نارنجی میں فلیووینوئڈز نامی کیمیائی مادہ بڑی مقدار میں پایا جاتا ہے جو دماغ میں سیکھنے اور معلومات ذخیرہ کرنے والے ایک اہم حصے ’ہپوکیمپس‘ تک دماغی سگنل کی رسائی بہتر بناتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ دماغی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے یہ لازمی نہیں کہ روزانہ اورنج جوس کی مقررہ مقدار ہی لی جائے تاہم دماغی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور دیگر بیماریوں سے محفوظ رہنے کے لئے اورنج جوس کو اپنے معمولات میں شامل کیا جائے کیونکہ یہ قدرتی ٹانک ہے جس کے کوئی نقصانات نہیں۔