اسلام آباد (این این آئی)حکومت کو ٹیلی کام سیکٹر میں موبائل فون کمپنیوں کے لائسنسوں کی تجدید سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 3 ارب ڈالر سے زائد کا ریونیو حاصل ہو گا جس سے مالیاتی خسارہ کو کم کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کو چلانے میں مدد ملے گی۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کے حکام کے مطابق آئندہ چند ماہ کے دوران
پاکستان میں ٹیلی کام سیکٹر کی کمپنیوں کے لائسنسوں کی تجدید ہو گی جس کیلئے وزارت کے اعلیٰ حکام، وزارت خزانہ اور دیگر اعلیٰ حکام پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام سیکٹر میں خدمات فراہم کرنے والی تمام کمپنیوں کے لائسنسوں کی تجدید کیلئے فیس سٹرکچر مقرر کرے گی۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ تمام موبائل فون ٹیلی کام کمپنیوں کو ایک ہی ٹائم پیریڈ میں لائسنسوں کی تجدید کیلئے آمادہ کیا جائے اور ساتھ ہی دیگر کمپنیوں کو سپیکٹرم کی فراہمی کیلئے ترغیب دی جا سکے تاکہ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی کام سیکٹر کو جدید خطوط پر فروغ اور عوام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ بتایا گیا کہ دو ٹیلی کام کمپنیوں جاز پاکستان اور وارد کے لائسنسوں کی تجدید آئندہ سال کی پہلی سہ ماہی میں ہونا ہے جبکہ یوفون اور زونگ موبائل کے لائسنسوں کی تجدید آئندہ سال کی دوسری سہ ماہی ہو گی، اسی طرح ٹیلی نار کے لائسنس کی تجدید بھی آئندہ سال ستمبر میں ہونا ہے، ان ٹیلی کام کمپنیوں کی لائسنس کی تجدید سے مجموعی طور پر 3 ارب ڈالر کا ریونیو جمع ہونے کا امکان ہے۔ حکومت کو ٹیلی کام سیکٹر میں موبائل فون کمپنیوں کے لائسنسوں کی تجدید سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 3 ارب ڈالر سے زائد کا ریونیو حاصل ہو گا جس سے مالیاتی خسارہ کو کم کرنے اور ترقیاتی منصوبوں کو چلانے میں مدد ملے گی۔