راولپنڈی (آن لائن) محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول نے ہر قسم کی گاڑیوں اور موٹر سائیکل کے لائف ٹائم ٹوکن فیسوں میں اضافہ کر دیا ہے جو یکم نومبر سے لاگو ہو گا۔گاڑیوں کے لائف ٹائم ٹوکن کی فیس10ہزار روپے تھی جو بڑھاکر15ہزار روپے اور موٹر سائیکل کی لائف ٹائم ٹوکن فیس 1200 روپے سے بڑھا کر 1500 روپے کر دی گئی ہے جبکہ لگژری گاڑیوں کے لائف ٹائم ٹوکن فیس میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔
محکمہ نے اکتوبر کے تیسرے ہفتے سے گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے سمارٹ کارڈجاری کرنے کا اعلان کیا تھا مگر فنڈزکی شدیدقلت کے باعث یہ پروگرام پھر غیر معینہ مدت تک موخر کر دیا گیا ہے۔گاڑیوں کی رجسٹریشن کے لیے بکس بھی دستیاب نہیں ہیں ۔محکمہ اسمارٹ کارڈ پروگرام کے باعث نئی رجسٹریشن بکس شائع کرانے میں بھی تذبذب کا شکار ہوگیا ہے جس سے راولپنڈی میں ہزاروں گاڑیوں کی رجسٹریشن التوا کا شکار ہوچکی ہے۔