اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل کمی کی وجہ سے ملک میں اسمبل کی جانے والی کاروں، ٹرکوں اور پک اپ گاڑیوں کی قیمتوں میں بہت جلد لاکھوں روپے کا اضافہ ہو جائے گا، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق شو روم پر کھڑی گاڑیوں کی قیمتوں میں چار لاکھ روپے تک اضافہ کر دیا گیا ہے، رپورٹ کے مطابق گاڑیاں اسمبل کرنے والے یونٹوں نے قیمتوں کے از سر نو تخمینہ جات کی تیاری کا آغاز کر دیا ہے اور اس کے ساتھ نئی گاڑیوں کی بکنگ بھی بند کر دی گئی ہے اور ان کا
کہنا ہے کہ نئی قیمتوں کے تخمینہ کے بعد ہی بکنگ کھولی جائے گی۔ اس کے علاوہ درآمد ہونے والی نئی اور پرانی گاڑیاں بھی مہنگی ہو جائیں گی، اس کے علاوہ پاکستان میں تیار ہونے والی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے، شو رومز پر موجود گاڑیوں کی قیمتوں میں فوری طور پر اضافہ کر دیا گیا ہے، رپورٹ مطابق 800 سی سی سے 1800 سی سی تک کی گاڑیوں کی قیمت میں ایک لاکھ سے چار لاکھ تک اضافہ کیا گیا ہے۔ ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر کی وجہ سے صارفین کو اضافی رقم دینا پڑے گی۔