اسلام آباد(آئی این پی ) وفاقی حکومت نے امریکی ڈالر سمیت دیگرغیر ملکی کرنسی کی سمگلنگ،حوالہ اور ہنڈی کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر ملک گیر آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، وزارت داخلہ کی زیر نگرانی آپریشن میں ایف آئی اے ، اے این ایف ، اے ایس ایف ، کسٹم ،کوسٹ گارڈ سمیت دیگر اداروں کو سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے ،
ملک کے ایئرپورٹس ،زمینی اور سمندری راستوں سے غیر ملکی کرنسی کی سمگلنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ کرنسی سمگلروں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر وزیراعظم عمران خان کو ارسال کی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک میں ڈالر کی قدر میں اضافے کو کنٹرول کرنے کیلئے امریکی ڈالر سمیت دیگر غیر ملکی کرنسی کی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے ہنگامی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کیلئے کرنسی سمگلرز کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کیا جائے گا ۔ بالخصوص زمینی ،فضائی اور سمندری راستوں سے ڈالر سمیت دیگر غیر ملکی کرنسی بیرون ملک لے جانے والوں کے خلاف ایف آئی اے ، اے این ایف، اے ایس ایف ، کوسٹ گارڈ اور بارڈروں پر خدمات دینے والے دیگر اداروں کو احکامات جاری کردیے گئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق کرنسی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف کسی صورت بھی نرم رویہ نہیں برتا جائے گا ،حوالہ اور ہنڈی کا کاروبار کرنیوالوں کو بھی فوری طور پر گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں اور اس تمام آپریشن کی نگرانی وفاقی وزارت داخلہ کرے گی ، تمام ادارے روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹس وزارت داخلہ کو ارسال کریں گے اور وزارت داخلہ یہ رپورٹس وزیراعظم عمران خان کو بجھوائے گی