کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) فون پر اپنے اکاؤنٹ کی معلومات دینے پر شہری 20 لاکھ روپے سے ہاتھ دھو بیٹھا، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے شہری نے بتایا کہ 29 ستمبر کو اسے ایک فون کال آئی، اس کال میں مجھ سے میرے بینک اکاؤنٹ کے متعلق تفصیلات پوچھی گئیں اور مجھے یہ بھی کہا گیا کہ اگر معلومات نہ دیں تو وہ میرا گھر جو کہ وزیرستان میں واقع ہے کو مسمار کر دیں گے، شہری نے کہا کہ میں نے ڈر کر تمام معلومات دے دیں، اس شخص نے بتایا کہ اس سے اگلے دن میرے اکاؤنٹ سے 20 لاکھ روپے
کی رقم نکلوا لی گئی۔ اس حوالے سے ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق جعل سازی کے ذریعے عوام کو بے وقوف بنا کر ان کے اکاؤنٹس سے رقم نکلوانے والے گروہ کا دائرہ کار کراچی سے پنجاب تک پھیلا ہوا ہے، بتایا گیا کہ اس شہری کے اکاؤنٹ سے رقم نکلوانے والے ملزمان میں محمد اقبال و دیگر شامل ہیں جنہوں نے اس کے اکاؤنٹ سے یہ رقم نکلوائی۔ عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر انہیں اپنے اکاؤنٹ کے متعلق معلومات دینے کے لیے کوئی کال آئے تو وہ ہرگز معلومات فراہم نہ کریں۔