کراچی(صباح نیوز) پاکستان ڈیمو گرافک اور ہیلتھ سروے کا کہنا ہے کہ پاکستان میں آبادی کے تناسب میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے ، 2046 تک پاکستان کی آبادی دوگنی ہو جائے گی جبکہ 2030 تک پاکستان دنیا کا چوتھا سب سے گنجان آباد ملک بن جائے گا، 12کروڑ نوکریاں،1کروڑ90لاکھ گھر اور85ہزار پرائمری اسکول بنانےپڑینگے۔تفصیلات کے مطابق آبادی میں اضافے پر پاکستان رپورٹ جاری کردی ہے ، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں آبادی میں اضافے کی شرح 2.40فیصدتک پہنچ گئی.
اضافے کی شرح یہی رہی تو2046 میں آبادی دگنی ہوجائے گی۔سروے کے مطابق 2030 تک پاکستان دنیاکاچوتھا سب سے گنجان آباد ملک بن جائے گا جبکہ 2040 تک پاکستان میں 12 کروڑ مزید نوکریاں درکار ہوں گی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس وقت پانی کی کمی کا شکار دنیا کے تین ممالک میں سے ایک ہے۔رپورٹ میں کہا گیاہے کہ رہائش کے لئے ایک کروڑ 90لاکھ گھروں کی ضرورت ہوگی جبکہ 2040 تک پاکستان میں 85 ہزارمزیدپرائمری اسکول بنانے پڑیں گے۔