اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)شہباز شریف کو احتساب عدالت میں بکتر بند گاڑی میں لایا گیا، تین اہلکاروں ہاتھوں اور گردن سے پکڑ ے رکھا، لفٹ کے ذریعے پہلے جج کے چیمبر پھر عدالت تک لایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کو آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل میں نیب آفس سے بکتر بند گاڑی کے ذریعے احتساب عدالت لایا گیا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ ن لیگ کے احتساب عدالت کے باہر موجود کارکنان بکتر بند گاڑی کے اوپر چڑھ گئے اور انہوں نے شدید نعرے بازی کی۔
اس موقع پر ایک کارکن بکتر بند گاڑی سے گر کر شدید زخمی بھی ہوا۔ نیب اہلکارن لیگ کے کارکنان کو گاڑی سے ہٹانے کے بعد احتساب عدالت کے احاطے کے میں گاڑی لیکر آئے اور اس کے بعد شہباز شریف کو بکتر بند گاڑی سے اتارا گیا۔ اس موقع پر دو اہلکاروں نے شہباز شریف کو بازوئوں سے جکڑ رکھا تھا جبکہ ایک اہلکار نے شہباز شریف کو گردن سے پکڑے رکھا اور اسی حالت میں ان کو احتساب عدالت کی لفٹ تک لایا گیا جہاں سے انہیں عمارت کی تیسری منزل میں جج نجم الحسن کےچیمبر میں لایا گیا ۔