اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)شہباز شریف کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر لیگی کارکنوں کا احتجاج، کئی کارکن بکتر بند گاڑی پر چڑھ گئے، عدالت کے اندر رش کی وجہ سے جج نجم الحسن نے شہباز شریف کے وکلا کو چیمبر میں طلب کر لیا، اتنے رش میں کیسےسماعت ہو سکتی ہے، جج نجم الحسن کا چیمبر میں شہباز شریف کے وکلا سے استفسار۔ تفصیلات کے مطابق آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل میں نیب کے ہاتھوں گرفتار شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے اور اس موقع پر لیگی کارکنوں
کی بڑی تعداد بھی احتساب عدالت کے باہر اور اندر موجود ہے۔ شہباز شریف کو بکتر بند گاڑی میں احتساب عدالت لایا گیا۔ اس موقع پر لیگی کارکنوں نے شدید احتجاج کیا اور بکتر بند گاڑی کے اوپر چڑھ گئے۔ شہباز شریف کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر عدالت کے اندر رش ہونے کی وجہ سے احتساب عدالت کے جج نجم الحسن نے شہباز شریف کے وکلا کو اپنے چیمبر میں طلب کر لیا ۔ جج نجم الحسن نے شہباز شریف کے وکلا سے کہا کہ اتنے رش میں سماعت کیسے ہو سکتی ہے؟تاہم کچھ دیر کے بعد سماعت شروع کر دی گئی۔