اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نیب لاہورنے آج سابق وزیراعلیٰ و قومی اسمبلی میں موجودہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو حراست میںلے لیاہے۔ نیب لاہور کے اعلامیہ کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو حراست میںلے لیا گیاہے اور نیب نے شہباز شریف کو آج صاف پانی کمپنی سکینڈل میں طلب کر رکھا تھا۔ ذرائع کے مطابق نیب نے شہباز شریف کی باقاعدہ گرفتاری کیلئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے باقاعدہ طور پر اجازت طلب کر لی ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق
شہباز شریف کو آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آخری پیشی کے موقع پر شہباز شریف اور فواد حسن فواد کو آمنے سامنے بٹھایا گیا تھا اور فواد حسن فواد کے انکشافات کے بعد ہی شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آخری پیشی کے موقع پر فواد حسن فواد نے شہباز شریف سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ میاں صاحب!آپ نے جس طرح کہا میں کرتا رہا ہوں۔ ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد نے شہباز شریف سے آخری ملاقات کے بعد وعدہ معاف گواہ بننے کا فیصلہ کیا تھا۔